وزیراعظم کا گوجرانوالہ، راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کا حکم

583

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ پلان، نالہ لئی ایکپریس وے اور راولپنڈی اربن ری جنریشن پراجیکٹ سیمت دیگر ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

منگل کو وزیراعطم کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں علاقائی و معاشی ترقی کی حکمت عملی کے تحت گوجرانوالا ڈویلپمنٹ پلان، راولپنڈی اربن ری جنریشن اور نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِاعلیٰ عثمان بزدار، ان کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب و صوبے کے سینئر حکام وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مشیر برائے وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے وزیرِ اعظم کو صوبے کے مختلف ڈویژنز کی ترقی کے حوالے سے حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی، علاقائی معاشی ترقی کی حکمت عملی کے تحت مختلف معاشی شعبوں میں متعلقہ علاقوں میں پائے جانے والے مواقع کو برؤے کار لاتے ہوئے اس علاقے کی ترقی اور ملکی پیداوار میں اس کا حصہ بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

گوجرانوالا ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے سے بریفنگ میں گوجرانوالا ڈویژن سے متعلق تمام معاشی حقائق و محرکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گوجرانوالا ڈویژن اس وقت ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 13 فیصد، برآمدات میں 20 فیصد جبکہ ترسیلات زر کے ضمن میں تقریبا 40 فیصد حصہ ڈال رہا ہے۔

گوجرانوالا ڈویلپمنٹ پلان کے تحت اس علاقے کی زراعت، مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹر پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ اس ڈویژن کے پوٹینشل کو مکمل طور پر برؤے کار لایا جا سکے۔ اس حوالے سے ہر ترجیحی شعبے کے فروغ کے حوالے سے اختیار کی جانے والی مجوزہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈویلپمنٹ پلان کے تحت گوجرانوالا ڈویژن میں دس شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جن میں نالج و ٹیکنالوجی ٹرانسفر، اسپیشلائزڈ ویلیو چین انفراسٹرکچر، افرادی قوت کی ترقی، کلسٹر سپورٹ سسٹم، سستی توانائی، مواصلات، اربن منیجمنٹ، رورل اربن مارکیٹ کے بہتر روابط، رورل ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ ور ماحولیات وغیرہ شامل ہیں۔

وزیرِاعظم نے مجوزہ پلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالا ڈویژن میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ ایس ایم ایز کو بہتر کاروباری فراہم کرنے پر ہے تاکہ ایس ایم ایز ملکی معیشت میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ علاقائی و معاشی ترقی کی حکمت عملی پر عمل درآمد کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گوجرانوالا ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی اہداف کا تعین کرکے ان کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے اور اس ضمن میں نالہ لئی کے اطراف میں واقع اراضی کے بہترین استعمال، منصوبے کے معاشی ثمرات و دیگر پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منصوبے سے منسلک زوننگ اور ریگولیشنز کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت، قائم ہونے والے انٹر چینجز اور ریمپ انٹرسیکشن پر اسپیشلائزڈ زونز کے قیام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ زوننگ کے حوالے پہلے مرحلے کا آغاز وسط جون 2021ء سے کر دیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے راولپنڈی اربن ری جنریشن اور نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جہاں راولپنڈی شہر کی ٹرانسفارمیشن میں کلیدی کردار ادا کرے گا وہاں اس سے شہر کے مسائل کے حل اور معاشی سرگرمیاں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے پر مقرر کردہ ٹائم لائنز پر عمل درآمد کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جائے تاکہ اسے بروقت پایہ تکمیل کو پہنچایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here