سٹیٹ بینک سکیم کے تحت ہسپتالوں، طبی مراکز کیلئے 10 ارب روپے قرض کی منظوری

488

اسلام آباد: بینکوں اور مالیاتی اداروں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی کووڈ۔19 سے نمٹنے کی ری فنانس فسیلٹی فار کمبیٹنگ کووڈ (آر ایف سی سی) کے تحت ہسپتالوں اور طبی مراکز کے لئے 10 ارب روپے سے زیادہ کے قرضہ جات کی منظوری دے دی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 48 مختلف ہسپتالوں اور طبی مراکز کی جانب سے 16.668 ارب روپے کے قرض کے لئے درخواستیں دی گئیں۔

وصول ہونے والی درخواستوں میں سے سکیم کے تحت بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے اب تک قرضہ کے حصول کی 44 درخواستیں منظور کرتے ہوئے 10.523 ارب روپے کے قرضہ جت کی منظوری دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آسان شرائط اور کم ترین شرح سود پر آر ایف سی سی کے تحت ہسپتال اور طبی مرکز 30 جون 2021ء تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سکیم کے آغاز پر ابتدائی طور پر ہسپتالوں اور طبی مراکز کے لئے آر ایف سی سی کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 کروڑ روپے کے قرض کی حد مقرر کی گئی تھی۔

بعد ازاں نئے ہسپتالوں اور طبی مراکز کی تعمیر وغیرہ کی ضروریات کے پیش نظر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے قرض کی مقررہ حد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے ایک ارب روپے تک بڑھا دیا تھا۔

اس وقت ہسپتالوں یا طبی مراکز کی توسیع یا نئے منصوبوں کی تعمیر کے لئے آر ایف سی سی کی سہولت کے تحت کم ترین شرح سود اور آسان شرائط پر ایک ارب روپے تک قرضہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here