کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز، پنجاب کے سیاحتی مقامات 11 اپریل تک بند

515

لاہور: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر محکمہ سیاحت پنجاب نے 11 اپریل تک صوبہ بھر میں تمام سیاحتی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ سیاحت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستان بھر بالخصوص پنجاب میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے شدت اختیار کرنے کی وجہ سے تمام تاریخی مقامات کو سیاحت کیلئے بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش اور دفاتر میں 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کے احکامات کے بعد امکان ہے کہ لوگ تاریخی اور یادگار مقامات کا رُخ کر سکتے ہیں جس سے کورونا وائرس کے پھیلائو کا خدشہ ہے۔ اس لیے بڑے اجتماعات کی حوصلہ شکنی کے طور پر پنجاب میں تمام سیاحتی مقامات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور کے  شالیمار باغ، مقبرہ جہانگیر، مینارپاکستان، شاہی قلعہ، جلو پارک سمیت شہر کے دیگر بڑے پارکس، واہگہ بارڈر پریڈ، ہرن مینار شیخوپورہ، کلر کہار، وادی سون، چھانگا مانگا ریزورٹ، مری اور گلیات کے سیاحتی مقامات اور ہوٹلوں سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں موجود اہم سیاحتی مقامات کو 11 اپریل تک بند کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکریٹری سیاحت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد کی خاطر کیا گیا ہے، لوگوں کے اجتماع کو روک کر وائرس کے پھیلائو پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here