اسلام آباد: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے متعارف کردہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے کھاتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مارچ 2021ء میں ان اکائونٹس کے ذریعے ترسیلات زر کا حجم 80 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں نے مارچ 2021ء کے دوران اِن اکائونٹس کے ذریعے 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے جو فروری کے مقابلہ میں 20.45 فیصد زیادہ ہے۔
فروری 2021ء میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سمندر پار کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 17 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے ترجمان نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس پر اعتماد کا اظہار کرنے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سٹیٹ بینک نے گزشتہ سال ستمبر میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے اِس سہولت کا آغاز کیا تھا اور پہلے مہینے ان اکائونٹس کے ذریعہ سمندر پار پاکستانیوں نے 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا جس کے بعد ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ سال کے اختتام پر روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ سمندر پار پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر کا حجم 25 کروڑ ڈالر تک پہنچا، جنوری میں پاکستانی ورکرز نے ان اکائونٹس کے ذریعہ 16 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔