جاری مالی سال میں زرمبادلہ ذخائر میں ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد اضافہ

805

اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے دوران اب تک زرمبادلہ کے ذخائر میں ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یکم جولائی 2020ء سے لے کر 19 مارچ 2021ء تک کی مدت میں زرمبادلہ کے ذخائر میں مجموعی طور پر ایک ارب 54 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 18 ارب 88 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 12 ارب 83 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ چھ ارب 75 کروڑ 40 لاکھ ڈالر موجود تھے۔

19 مارچ 2021ء کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتہ کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کا حجم 20 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 13 ارب 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس سات ارب 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالر موجود تھے۔

ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر کے باعث بھی ہوا، سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 18 ارب 70 کروڑ ڈالر ارسال کیے گئے۔ یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی آٹھ ماہ کی ترسیلات زر سے 24.1 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی 2020ء سے فروری 2021ء کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے ارسال کیں، جنہوں نے پانچ ارب 32 کروڑ 26 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 90 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے اڑھائی ارب ڈالر، امریکا سے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔

دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے 42 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، شارجہ سے پانچ کروڑ 17 لاکھ ڈالر، بحرین سے 52 لاکھ ڈالر، کویت سے تین کروڑ 82 لاکھ ڈالر، قطر سے سات کروڑ 18 لاکھ ڈالر اور اومان سے 8 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here