اسلام آباد: سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کی جانب سے متعارف کردہ 40 ہزار اور 25 ہزار روپے کے رجسٹرڈ پریمئیم بانڈز میں 25 مارچ 2021ء تک 38 ارب روپے کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے ایک اہلکار نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ قبل ازیں 40 ہزار اور 25 ہزار روپے کے پرانے بانڈز کی واپسی پر ادارے نے سرمایہ کاری کرنے والوں کو مجموعی طور پر 380 ارب روپے کی ادائیگی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 40 ہزار اور 25 ہزار کی کیٹگری میں سی ڈی این ایس نے اب رجسٹرڈ پریمئیم بانڈز متعارف کرائے ہیں اور سٹیٹ بینک کے قواعد وضوابط کے تحت اِن بانڈز کو صرف رجسٹرڈ مالیاتی اداروں سے کیش کیا جا سکتا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 25 ہزار روپے مالیت کے بانڈز واپس کرنے والے شہریوں کو 25 مارچ 2021ء تک 122 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے، 25 ہزار روپے مالیت کے پرانے بانڈز کی واپسی کیلئے 30 مئی 2021ء تک کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے مطابق 40 ہزار روپے مالیت کے پرانے بانڈز واپس کرنے کے عوض شہریوں کو 258 ارب روپے ادا کئے گئے ہیں۔
ایک سوال پر سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے اہلکار کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو دستاویزی بنانے اور مالیاتی نظام میں شفافیت کیلئے سی ڈی این ایس نے سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کئے ہیں جس کے نتیجے میں رواں مالی کے پہلے 7 ماہ میں سی ڈی این ایس نے 540 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی ہے۔