سٹیٹ بینک: وبا کے دوران کاروباروں کے تحفظ کیلئے 537 ارب روپے کے قرضے منظور

مرکزی بینک نے 657 ارب کے قرضوں پر اصل زر کی وصولی موخر کی، 246 ارب کے قرضوں کی ری شیڈولنگ جبکہ تین ہزار کاروباری و صنعتی اداروں کو 238.2 ارب روپے کے نئے قرضے جاری کیے

577

اسلام آباد: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کووڈ۔19 کے دوران کاروباروں کی بحالی، توسیع اور نئے منصوبوں کے لئے 537.6 ارب روپے کے 609 مختلف منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

اس حوالہ سے مرکزی بینک کو 751.26 ارب روپے مالیت کے 671 مختلف منصوبوں کے لئے درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے اثرات سے تحفظ کے لئے ری فنانسنگ کی سکیم کے تحت اب تک 657.154 ارب روپے کے قرضوں کے اصل زر کی وصولی کو بھی ایک سال کے لئے موخر کیا ہے۔

مزید برآں سٹیٹ بینک کی جانب سے 246.31 ارب روپے کے مختلف قرضہ جات کی ری شیڈولنگ اور ری سٹرکچرنگ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایس بی پی کی جانب سے روزگار کے تحفظ کے لئے دو ہزار 958 کاروباری اور صنعتی اداروں کو کووڈ۔19 کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے 238.2 ارب روپے بھی فراہم کئے جا چکے ہیں۔

اُدھر ایس بی پی کی طرف سے کووڈ۔19 سمیت دیگر مختلف بیماریوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں میں بہتری کے لئے ملک کے 43 مختلف ہسپتالوں کے لئے بھی 10.1 ارب روپے کے قرضے منظور کئے گئے ہیں جبکہ اب تک ملک بھر سے 47 ہسپتالوں کی جانب سے 15.8 ارب روپے کے قرضوں کے لئے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق سٹیٹ بینک نے ملک میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے صنعتی اور کاروباری اداروں کو وبا کے اثرات سے تحفظ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے ہیں تاکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بحال رکھا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here