وفاقی حکومت کا ’راست سسٹم‘ کے ذریعے تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی کا فیصلہ

آزمائشی مرحلے کے بعد یہ سہولت تمام تنخواہوں اور پنشنز نیز وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سپلائیز سے متعلق ادائیگیوں کے لیے بھی فراہم کی جائے گی

830

کراچی: بینک دولت پاکستان اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس پاکستان (سی جی اے پی) نے ادائیگیوں کے نظام ‘راست’ کے ذریعے وفاقی حکومت کی تنخواہوں اور پینشن  کی ادائیگی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔

راست نظام سٹیٹ بینک کا ایک شاندار نظام ہے جو زیادہ حجم کی ادائیگیوں کی فوری پروسیسنگ کے لیے آسان، تیز رفتار، سستا اور محفوظ پلیٹ فارم ہے۔

راست کئی وصول کنندگان کو بیک وقت ادائیگیاں کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے تاکہ بلند حجم کی حکومتی ادائیگیوں جیسے تنخواہوں، پنشن اور سوشل سیکورٹی وغیرہ کی ادائیگی میں سہولت حاصل ہو سکے۔

آزمائشی مرحلے میں وفاقی حکومت کے ملازمین کے ایک گروپ کی تنخواہیں اور پنشن راست کے ذریعے ادا کی جائیں گی۔

پے رول اور پنشن رول کے اعدادوشمار سی جی اے سسٹم سے ایک انتہائی محفوظ انٹرفیس کے ذریعے سٹیٹ بینک کے راست سسٹم کو دیے جائیں گے اور وصول کنندگان کے کوائف کی تصدیق کے بعد ان کے اکاؤنٹس میں ادائیگیاں فوری طور پر کر دی جائیں گی۔

اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کہ ادائیگیاں درست وصول کنندہ کے اکاؤنٹ میں کریڈٹ کی جائیں، راست رقم کریڈٹ کرنے سے پہلے وصول کنندگان کے کوائف کی تصدیق حقیقی وقت کی بنیاد پر ان کے بینکوں سے کرتا ہے۔

آزمائشی مرحلے کے بعد یہ سہولت تمام تنخواہوں اور پنشنز نیز وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سپلائیز سے متعلق ادائیگیوں کے لیے بھی فراہم کی جائے گی۔ سٹیٹ بینک راست سسٹم کی زبردست صلاحیتوں کو سوشل سیکورٹی پروگرامز جیسا کہ احساس پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر سرکاری اداروں کی ادائیگیوں کے لیے استعمال کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here