پاکستان میں دفتر کھولنے سے متعلق فیس بک کے ترجمان کا بیان سامنے آ گیا

793

لاہور: سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ  کمپنی کا فی الوقت پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے۔

فیس بک کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فیس بک بین الاقوامی برداری کو جوڑنے کا کام کر رہی ہے اور دنیا کے کئی ممالک میں وہ بغیر کسی دفتر کے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ 23 مارچ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے فیس بک کی پاکستان میں نمائندہ سحر طارق سے اپنی ملاقات کے حوالے سے بتایا تھا کہ  فیس بک جلد تین چار نئے منصوبوں کے ساتھ پاکستان آ رہی ہے اور صوبے میں سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت فیس بک کو ہر سہولت دینے کو تیار ہے۔

فیس بک کے ترجمان کا کہنا تھا ’ہم پاکستان میں اپنی مخصوص ٹیموں کے ذریعے، پاکستانی مارکیٹ کو مدِنظر رکھتے ہوئے خدمات، شی مینز بزنس (جن سے مقامی افراد کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے) جیسے پروگراموں کے ذریعے سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر فیس بک کا فی الحال پاکستان میں دفتر کھولنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔‘

ضیاء بنگش نے اپنی ملاقات سے متعلق مزید کہا تھا پاکستان میں نوجوانوں کی اکثریت فیس بک سے وابستہ ہے، اس لیے سوشل میڈیا کمپنی کا دفتر پاکستان میں قائم ہونا چاہیے اور صوبائی حکومت فیس بک یا دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کو درپیش مشکلات دور کرنے کیلئے قوانین پر نظرثانی کرے گی۔

اس حوالے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور فیس بک کے مابین رابطے جاری ہیں اور فریقین پاکستان میں منی ٹائزیشن شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جلد فیس بک کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور اس سلسلے میں وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here