اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ‘شوگر مافیا’ کی 40 اہم شخصیات کے 100 سے زائد بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے۔
ہفتہ رفتہ کے شروع میں ایف آئی اے نے ملک بھر میں شوگر مافیا کے 10 بڑے گروہوں کے خلاف مقدمات درج کیے تھے جنہوں نے ملز مالکان کی ملی بھگت کے ساتھ ‘قیمتوں میں شکوک و شبہات’ یا سٹہ بازی کے ذریعے ایک سال میں 110 ارب روپے کے قریب کمائے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک آباد سٹہ گروپ، ملتان سٹہ گروپ، مولوی ظہیر سٹہ گروپ، ملک ماجد سٹہ گروپ، خرم دوائی سٹہ گروپ، مرزا شوگر سٹہ گروپ، طفیل گوگا سٹہ گروپ، بھلی سٹہ گروپ، پراچہ سٹہ گروپ اور بٹ شوگر سٹہ گروپ سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کچھ ‘ممتاز شوگر پلئیرز’ کے لیے جوا کھیلتے تھے، مزید یہ کہ سٹہ کے اس عمل میں بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کا ارتکاب بھی کیا گیا۔