اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے بینکوں کو کمپنیوں کے انضباطی ریکارڈ تک براہ راست رسائی فراہم کرنے کے لئے خصوصی پورٹل کے اجراء کے بعد 16 بڑے بینکوں نے پورٹل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
اس پورٹل کے ذریعے بینک انضباطی دستاویزات تک رسائی اور تصدیق کر کے کمپنیوں کے بینک اکائونٹ فوری کھول سکتے ہیں۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایس سی سی پی نے سٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اس خصوصی پورٹل کا اجراء کیا تھا۔
اس پورٹل کے ذریعے بینک کمپنیوں کے ریکارڈ تک براہ راست ڈیجیٹل طور پر رسائی کرتے ہوئے بینک اکائونٹ کھولنے کے لئے تصدیق کر سکتے ہیں، یوں اس سہولت سے کمپنیوں کے بینک اکائونٹ کھولنے کے لئے درکار وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔
ایس ای سی پی کے پورٹل تک رسائی حاصل کرنے والے بینکوں میں عسکری بینک، بینک الفلاح، بینک الحبیب، سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، فنکا مائیکروفنانس بینک، انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خوشحالی مائیکرو فنانس یبنک، این آر ایس پی مائیکرو فنانس، پئیر انوسٹمنٹ کمپنی، پاکستان مورگیج ری فنانس کمپنی، سندھ بینک، ایس ایم ای بینک، سونیری بینک، سمٹ بینک، ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک اور بینک آف پنجاب کو بھی پورٹل تک رسائی دی گئی ہے۔
اس پورٹل میں ایس ای سی پی کی جانب سے تمام پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں، پبلک لمیٹڈ کمپنیوں اور غیر منافع بخش این جی اوز کی انضباطی دستاویزات اور معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اگلے مرحلہ میں تمام غیر ملکی کمپنیوں اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپس کا ڈیٹا بھی فراہم کر دیا جائے گا۔
ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی تصدیق شدہ دستاویزات کے کاغذی شکل میں اجراء کا سلسلہ بند کر دیا جائے گا اور کمپنیوں کا صرف ڈیجیٹل تصدیق شدہ ریکارڈ ہی دستیاب ہو گا۔