اسلام آباد: پاکستان اورعالمی بینک نے دو کھرب سات ارب 28 کروڑ روپے (ایک ارب 33 کروڑ 60 لاکھ ڈالر) مالیت کے سات منصوبوں کیلئے معاہدوں پر دستخط کر دئیے جس میں عالمی بینک کی جانب سے 19 ارب 85 کروڑ روپے (12 کروڑ 80 لاکھ ڈالر) کی گرانٹ بھی شامل ہے۔
جمعہ کو وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن کی موجودگی میں وزارت اقتصادی امور میں مذکورہ معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
عالمی بینک کی یہ معاونت سے پاکستان میں حکومت کی جانب سے سماجی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ماحولیاتی خطرات کے انتظام و انصرام، بنیادی ڈھانچہ کی بہتری، زراعت و غذائی تحفظ، انسانی سرمایہ کی ترقی اور اسلوب حکمرانی میں بہتری کے شعبوں میں شروع کردہ اقدامات کیلئے استعمال ہو گی۔
وفاقی وزیر خسرو بختیارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے قومی اہداف کے حصول میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ مسلسل تعاون پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیے:
آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
عالمی بینک ضم شدہ اضلاع کے بے گھر افراد کی بحالی کیلئے 12 ملین ڈالر اضافی گرانٹ دیگا
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی حمایت سے پاکستان کی حکومت کا شروع کردہ اصلاحاتی پروگرام بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے اعتماد کا مظہر ہے، حکومت پاکستان صوبوں کی ترقیاتی ضروریات کیلئے مالی معاونت کی فراہمی کیلئے بھی پرعزم ہے جن منصوبوں پر اتفاق رائے ہوا ہے ان میں کرائسس ریزلیئنٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام (کرسپ) شامل ہے۔
معاہدے کے تحت اس پروگرام کیلئے 60 کروڑ ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی، پروگرام کے تحت احساس پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کی جائے گی، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام، احساس کیش ٹرانسفر، کفالت، وسیلہ تعلیم اور نشوونما پروگرام پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔
اسی طرح عالمی بینک ٹڈی دَل کے خاتمہ اور غذائی تحفظ کے پروگرام کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔
خیبرپختونخوا ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت عالمی بینک پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر امداد دے گا، اس کے تحت چار اضلاع پشاور، ہری پور، نوشہرہ اور صوابی میں صحت عامہ کی بنیادی خدمات اور ایلیمینٹری تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔
سندھ ریزلیئنس پراجیکٹ کیلئے عالمی بینک 20 کروڑ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا، اس پراجیکٹ کے تحت سندھ کے منتخب اضلاع میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور پبلک ایمرجنسی کے شعبوں میں بہتری لائی جائے گی، اس منصوبہ کے تحت صوبہ میں 35 چھوٹے بارانی ڈیموں کی تعمیر بھی شامل ہے۔
بلوچستان لائیولی ہوڈ اینڈ انٹر پرینیورشپ اینڈ بلوچستان ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت عالمی بینک پاکستان کو 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت بلوچستان کے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع کو فروغ دیا جائے گا جبکہ صحت اور تعلیمی خدمات میں بھی بہتری لائی جائے گی۔
ریفیوجیز پراجیکٹ کے تحت عالمی بینک پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا جس کے تحت خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور مہاجر کیمپوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری نور احمد نے حکومت پاکستان جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نمائندوں نے اپنی حکومتوں کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کئے۔
پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے اس موقع پر عالمی بینک کی جانب سے پائیدار اور جامع اقتصادی بڑھوتری کے عمل میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔