پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک کھرب 722 ارب سے زائد فنڈز کی منظوری

1577

لاہور: پنجاب حکومت نے روڈ سیکٹر کی 23 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر ایک کھرب 72 ارب 51 کروڑ 45 لاکھ 99 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا 30واں اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ عبداللہ خان سنبل کی زیرصدارت منعقد ہوا جس متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلیٰ افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ارکان سمیت سینئر چیف کوآرڈی نیشن آفیسر اور اسسٹنٹ چیف کوآرڈی نیشن آفیسر نے شرکت کی۔

اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ (پی اینڈ ڈی) نے مذکورہ ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے بعد آئندہ بجٹ میں شمولیت کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کو بھجوا دیا۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں وہاڑی تا عبدالحکیم روڈ کو دو رویہ کرنے (لمبائی 72.58کلومیٹر) کیلئے 10 ارب 63 کروڑ 44 لاکھ 61 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔

ضلع مظفر گڑھ اور لیہ میں کرم داد قریشی (این 70) تا لیہ تک 147 کلومیٹر طویل سڑک کو دو رویہ کرنے کیلئے 28 ارب 57 کروڑ 64 لاکھ 90 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ترقیاتی بورڈ نے ضلع خوشاب میں لاہور-سرگودھا-خوشاب-  میانوالی روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے 10 ارب 86 کروڑ 32 لاکھ 94 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔

اسی طرح ضلع سرگودھا میں سیال موڑ انٹر چینج (ایم 2)  سے سرگودھا بائونڈری تک 89 کلومیٹر طویل سڑک کو دو رویہ کرنے کیلئے 19 ارب 98 کروڑ 41 لاکھ 43 ہزار روپے کی منظوری دی گئی جبکہ روڈ سیکٹر کے مزید 19 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے بعد انہیں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام بھجوا دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here