اسلام آباد: سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 15 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیرصدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحت، خوراک اور زراعت سے متعلق 9 ترقیاتی منصوبے منظور کیے گئے۔
حکومت پنجاب کی طرف سے صحت سے متعلق کوویڈ پروگرام کے تحت 10.14 ارب روپے کی لاگت کے 8 منصوبے پیش کئے گئے۔
ان منصوبوں میں ڈیچ ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد کی اپ گریڈیشن کیلئے 8 ارب 28 کروڑ 10 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال منچن آباد ضلع بہاول نگر کو 40 بستروں سے 100 بستروں میں اپ گریڈیشن کیلئے 37 کروڑ 85ل لاکھ 96 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال لالہ موسیٰ میں دس بستروں کا ایمرجنسی وارڈ تعمیر کرنے کیلئے سات کروڑ 19 لاکھ 76 ہزار روپے، ٹی ایچ کیو کھاریاں کی 70 بستروں سے 100 بستروں میں اپ گریڈیشن کیلئے 19 کروڑ 73 لاکھ 44 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
پنجاب حکومت کے پیش کردہ دیگر منصوبوں میں ٹی ایچ کیو چونیاں (ضلع قصور) میں 20 بستروں کے سرجیکل وارڈ کی تعمیر کیلئے 13 کروڑ 28 لاکھ 84 ہزار روپے، ٹی ایچ کیو پتوکی میں تعمیرومرمت کے کاموں اور 20 بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر بنانے کیلئے 29 کروڑ 22 لاکھ سات ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے پنجاب حکومت کے ایماء پر ٹی ایچ کیو نوشہرہ (ضلع خوشاب) میں عدم دستیاب طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے 25 کروڑ 54 لاکھ 58 ہزار روپے اور بیس بستروں پر مشتمل رورل ہیلتھ سینٹر اچ شریف کی 60 بستروں کے ٹی ایچ کیو میں اپ گریڈیشن کیلئے 53 کروڑ 53 لاکھ روپے کی منظوری دے دی۔
سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں غذائیت اور زراعت سے متعلق ایک منصوبہ “جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی اور کنٹرول سے متعلق قومی پروگرام” کے نام سے پیش کیا گیا جس کی لاگت کا تخمینہ پانچ ارب 22 کروڑ 81 لاکھ روپے لگایا گیا، اجلاس نے اس کی منظوری دے دی۔
اس منصوبے کا مقصد ملک بھر میں جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی کیلئے کنٹرول سسٹم کا قیام عمل میں لانا ہے تاکہ تجزیہ کرنے، پالیسی سازی اور فیصلہ لینے میں بین الاقوامی تنظیموں اور تجارتی شراکت داروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ منصوبے کے تحت کولڈ چین سسٹم کو بہتر بنانے، کم وقت میں ڈیٹا مہیا کرنے اور ویکسین کی سٹوریج اور ترسیل کیلئے 9 لیبز کی درجہ بندی کی جائے گی۔
اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ حمید یعقوب شیخ، پلاننگ کمیشن اور وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔