متحدہ عرب امارات کا انڈونیشیا میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

یہ سرمایہ کاری انڈونیشیا انویسٹمنٹ اتھارٹی' کے ذریعے سٹریٹجک شعبوں بشمول انفراسٹرکچر، شاہرات، بندرگاہوں، سیاحت، زراعت میں کی جائے گی جو سماجی و معاشی ترقی کے ضامن ہیں

653

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اعلان کیا ہے کہ وہ انڈونیشیا کے خودمختار ویلتھ فنڈ ‘انڈونیشیا انویسٹمنٹ اتھارٹی’ میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

یہ سرمایہ کاری انڈونیشیا کے سٹریٹجک شعبوں بشمول انفراسٹرکچر، شاہرات، بندرگاہوں، سیاحت، زراعت میں کی جائے گی جو سماجی و معاشی ترقی کے ضامن ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس قدر بھاری سرمایہ کاری ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہے۔

انڈونیشیاء کے صدر جوکو ودودو نے گزشتہ ماہ انویسٹمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف سپروائزرز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کا اعلان کیا تھا اور یہ عمل اکتوبر 2020ء میں منظور ہونے والے اومنی بس جاب کری ایشن قانون کے تحت انجام دیا گیا تھا۔

بورڈ کا یہ قیام انڈونیشیا کے سرمایہ کاری نظام کی ترقی اور گورننس میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، وہاں کا خودمختار فنڈ قومی ترقی میں معاونت کے منصوبوں کیلئے بنایا گیا ہے جس میں نئے دارالحکومت کالیمانتان کی تعمیر و ترقی بھی شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا کے درمیان مضبوط سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک میں باضابطہ سفارتی تعلقات کا قیام 1976ء میں ہوا تھا، ابوظہبی میں انڈونیشیا کا سفارت خانہ 28 اکتوبر 1978ء کو جبکہ جکارتا میں اماراتی سفارت خانہ 1991ء میں قائم ہوا تھا۔

دونوں ممالک کے تعلقات نے حالیہ برسوں میں مزید فروغ پایا ہے اور ان ممالک کی اعلیٰ قیادت اور سینئر عہدیداروں نے ایک دوسرے کے ملک کے دورے بھی کیئے ہیں جن میں نمایاں ترین صدر جوکو ودودو کا ستمبر 2015ء میں امارات کا دورہ اور شیخ محمد بن زاید کا جولائی 2019ء میں دورہ انڈونیشیاء شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیان نے باہمی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط کر رکھے ہیں، دونوں نے حال ہی میں امارات انڈونیشیا ویک 2021ء منایا جس میں بندرگاہوں، لاجسٹسکس، دفاعی صنعت، توانائی، سیاحت، تخلیقی معیشت اور مینگرو فامرز کے حوالے سے تعاون کے متعدد معاہدے بھی ہوئے۔ دونوں ممالک کے معاشی و تجارتی تعلقات بھی مثالی ہیں جبکہ دونوں کا باہمی تجارتی حجم تین ارب ڈالر سے زائد ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here