30 جون تک خود کار طور پر ضائع ہونے والی سرنجز کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت

748

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 30 جون 2021ء تک خود کار طور پر ضائع ہونے والی (auto disabled) سرنجز کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دے دی۔

ذرائع کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جاری مالی سال کے دوران آٹو ڈس ایبل سرنجز کی مینوفیکچرنگ کے لیے خام مال کی درآمد سے متعلق ایک آرڈی نینس کی منظوری دی ہے، اب درآمدکنندگان 30 جون 2021ء تک آٹو ڈس ایبل سرنجز اور ان کا خام مال درآمد کر سکتے ہیں۔

فیڈرل بورڈ برائے ریونیو(ایف بی آر) ملک میں ایسی سرنجز کی تیاری یا خام مال کی درآمد پر کسی طرح کا سیلز ٹیکس یا کسٹمز ڈیوٹی چارج نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزارتِ صحت کی درخواست پر آٹو ڈس ایبل سرنجز درآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔ اگرچہ ای سی سی کو وفاقی کابینہ سے نوٹی فکیشن درکار تھا تاہم حکومت نے اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں لانے کی بجائے اس حوالے سے آرڈیننس جاری کرنے کو ترجیح دی۔

یہ مدِنظر رہے کہ انجیکشن سیفٹی پر ٹاسک فورس، جس میں مینوفیکچررز، امپورٹرز اور صحت کے نجی ادارے شامل ہیں، نے وزارتِ صحت کو روایتی سرنجز کی تیاری یا درآمد پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی تھی کیونکہ ان سرنجز کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی ایڈز جیسی خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here