آئی ایم ایف وبا سے متاثرہ معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے 650 ارب ڈالر مختص کرنے پر آمادہ

آئی ایم ایف کے انتظامی ڈائریکٹرز کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کے مثبت اشارے پر معاشی بحران اور کسادبازاری سے متاثرہ معیشتوں کو بحالی میں مدد ملے گی جس کا اثر عالمی معیشت پر بھی پڑے گا

856

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے انتظامی ڈائریکٹرز نے کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے عالمی معاشی بحران اور کسادبازاری کے تناظر میں رکن ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے اضافی 650 ارب ڈالر فنڈز مختص کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا نے آئی ایم ایف کے انتظامی ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ انتظامی ڈائریکٹرز نے سپیشل ڈرائنگ رائٹس کے کیس کے طور پر رکن ممالک بالخصوص معاشی بحران اور کسادبازاری سے بری طرح متاثرہ معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے 650 ارب ڈالر کے فنڈز مختص کرنے پر ابتدائی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی ڈائریکٹرز کی ابتدائی بات چیت انتہائی حوصلہ افزاء تھی۔ زرمبادلہ ذخائر اور اثاثوں میں اضافہ کے اس منصوبہ سے رکن ممالک بالخصوص معاشی بحران اور کسادبازاری سے متاثرہ معیشتوں کو معاشی و اقتصادی بحالی میں مدد ملے گی جس کا اثر عالمی معیشت پر بھی پڑے گا۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ موجودہ اقتصادی بحران پہلی جنگِ عظیم کے بعد پیدا ہونے والے عالمی اقتصادی بحران کے بعد سب سے شدید ترین معاشی بحران ہے اور انتظامی ڈائریکٹرز کے مثبت عندیہ سے رکن ممالک کو امداد اور معاونت کے حوالہ سے آئی ایم ایف کے عزم بارے مضبوط پیغام جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی ڈائریکٹرز نے 650 ارب ڈالر مالیت کے اضافی فنڈز کی تخصیص اور تقسیم کا شفاف طریقہ کار طے کرنے کیلئے آئی ایم ایف کے سٹاف کو ہدایات جاری کی ہیں۔ اس ضمن میں رواں سال جون تک باضابطہ تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here