اسلام آباد: پاکستان نے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے دو چینی ویکسینز کی دس لاکھ خوراکیں خرید لیں جو رواں ماہ کے اختتام تک مل جائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ پاکستان نے پہلی بار چین کی سینوفارم اور کینسائنو ویکسینز کی 10 لاکھ 60 ہزار خوراکیں خرید لی ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت مزید 70 لاکھ خوراکیں خریدنے کیلئے عالمی فارما کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک چین اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ملنے والی ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں ہی استعمال کی جا رہی ہیں جو طبی عملے اور ساٹھ سال سے زائدالعمر شہریوں کو دی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تصدیق کی ہے کی ہے کہ چین کی جانب سے سائنوفارم ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں مارچ کے آخر تک مل جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ “کل میری چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے، ہمیں چین کی جانب سے سائنوفارم ویکسین کی ایک ملین ڈوزز مارچ کے آخر تک مل جائیں گی جبکہ چین نے ویکسین کی مزید چار ملین خوراکیں مہیا کرنے پر آمادگی کا اظہار بھی کیا ہے۔