ملکی سطح پر سیمنٹ کی مانگ میں اضافہ، فروری میں برآمدات میں 17 فیصد کمی

795

اسلام آباد: ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی کے بعد مقامی سطح پر مانگ میں اضافے سے سیمنٹ کی بیرون ملک برآمدات میں 5.53 فی صد کمی واقع ہو گئی۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی 2020ء تا فروری 2021ء) کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 18 کروڑ 31 لاکھ 98 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 19 کروڑ 39 لاکھ 24 ہزار ڈالر سے 5.53 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق بالحاظ وزن سیمنٹ کی برآمدات 6.09 فیصد اضافے کے ساتھ 51 لاکھ 56 ہزار 63 میٹرک ٹن سے بڑھ کر 54 لاکھ 69 ہزار 953 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی ہیں۔

تاہم سالانہ بنیادوں پر سیمنٹ کی برآمدات میں فروری 2021ء میں مجموعی طور 17.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ فروری 2021ء میں پاکستان سے سیمنٹ کی برآمدات کا حجم ایک کروڑ 95 لاکھ 25 ہزار ڈالر رہا جبکہ فروری 2020ء میں یہ حجم دو کروڑ 37 لاکھ 91 ہزار ڈالر رہا تھا۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر سیمنٹ کی برآمدات میں فروری 2021ء کے دوران 5.90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات میں گزشتہ برس کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 4.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی سطح پر تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کی بدولت مقامی سطح پر سیمنٹ کی مانگ میں اضافہ کی وجہ سے سیمنٹ کی غیرملکی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here