گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کیلئے فور جی نیلامی کا فیصلہ

983

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان (جی بی) کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کے لیے جی بی اور آزاد جموں کشمیر(اے جے کے) کے دونوں خطوں کے لیے بالآخر 4جی انٹرنیٹ سروسز کی نیلامی کا فیصلہ کر لیا۔   

ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ “حکومت نے 4جی براڈبینڈ سروسز کی نیلامی کا راستہ نکالنے کے پیش نظر حکومتی سرپرستی میں چلائی جانے والی سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی رکاوٹوں سے متعلق مسائل کو حل کر لیا ہے”۔

ذرائع نے کہا کہ دیگر سیلولر کمپنیوں کی طرح جی بی اور اے جے کے میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی سروسز دینے والی واحد کمپنی ایس سی او بھی نیلامی کے عمل میں حصہ لے گی۔

اس سے قبل، 3جی اور 4جی سروسز کی نیلامی کا عمل عدالت سے ایس سی او کو حکمِ امتناعی دینے سمیت مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار تھا۔

حکام کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یومِ پاکستان کے موقع پر 4جی سروسز کی نیلامی سے متعلق اعلان کیا جائے گا اور وسط مئی تک نئے سپیکٹرم کے لیے نیلامی کی کارروائی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

سپیشل کنیکٹیوٹی پروجیکٹ: حکومت کا دور دراز سیاحتی مقامات پر بہترین انٹرنیٹ فراہمی کا منصوبہ

کون سے موبائل فون اور الیکٹرانک ڈیوائسز نہ خریدی جائیں؟

ٹیلی کام کمپنیوں کا گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر میں بغیر نیلامی موبائل انٹرنیٹ شروع کرنے کا مطالبہ

ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح، جاری مالی سال کے اختتام سے قبل ہی گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں 4جی لائسنسز کی نیلامی کی جائے گی، مزید یہ کہ اس اقدام سے نہ صرف جنوبی علاقوں میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ جی بی اور اے جے کے کی حکومتوں کے لیے معقول آمدنی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اس دوران، وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت منعقد ہونے والے ایک حالیہ اجلاس میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وزیراعظم کو بتایا کہ سکیورٹی خدشات سے متعلق روایتی پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے اور توقع ہے کہ 2021ء کے  اختتام سے پہلے دونوں خطوں کے تمام علاقوں میں زیادہ تر ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروسز فراہم کر دی جائیں گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید بھی شریک ہوئے تھے، اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی مشاورتی فرم ‘فرنٹئیر اکانومکس لمیٹڈ’ ملک بھر میں 1800 MHz اور 2100 MHz کے سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے موڈ اور پیرامیٹرز پر کام کر رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ برطانوی فرم کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں 4جی لائسنسز کی نیلامی سے متعلق بنیادی قیمت اخذ کرنے، پالیسی اور دیگر ضروری اقدامات کرنے ذمہ داری دی گئی ہے۔

نمائندہ پرافٹ اردو سے بات کرتے ہوئے پی ٹی اے کے ایک سینئر افسر نے تصدیق کی کہ وسط مئی 2021 تک دو نیلامیوں کے بنیادی روڈ میپ کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ “ملک بھر میں سپیکٹرم کے لیے ایک ہی نیلامی ہو گی جبکہ جی بی اور اے جے کے لیے الگ سپیکٹرم کی نیلامی ہو گی”۔

انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں میں آبادی کی شرح کم اور صارفین کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے اے جے کے اور جی بی کے لیے لائسنس کی نیلامی ملک کے باقی علاقوں میں سپیکٹرم نیلامی کی نسبت کافی کم ہو گی۔

اس کے علاوہ، عہدیدار نے کہا کہ “سپیکٹرم کی نیلامی کی کارروائی کے فنڈز نیشنل کنسولیڈیٹڈ فنڈ میں جمع کرائے جائیں گے جبکہ جی بی اور اے جے کے کو مختلف طریقہ کار کے ذریعے کارروائی کا شئیر دیا جائے گا”۔

انہوں نے کہا کہ نیلامی کی کارروائی میں شئیر سے قطع نظر، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز کے استعمال کے لیوی پر 19.5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس کے ذریعے اے جے کے اور جی بی پکی آمدن میں بھی اضافہ ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here