اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ملک میں تیل کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء تک کی مدت میں تیل کی درآمدات کا مالیاتی حجم چھ ارب 44 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی آٹھ ماہ کے مقابلہ میں 21.70 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں تیل کی درآمدات پر آٹھ ارب 23 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔
جاری مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر دو ارب 88 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20.71 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر تین ارب 64 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔
جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں خام پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ایک ارب 75 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دو ارب 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 24.26 فیصد کم ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ایل پی جی کی درآمدات کا حجم 30 کروڑ 47 لاکھ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 21 کروڑ 61 لاکھ 10 لاکھ ڈالر سے 41.03 فیصد زیادہ ہے۔