واشنگٹن: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر تین ارب سے زائد اکاﺅنٹس حذف کر دیئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے نے گوگل کے نائب صدر سکاٹ اسپینسر کے حوالہ سے بتایا کہ گزشتہ سال گوگل کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر دنیا بھر میں تین ارب سے زائد جعلی اور بدنیتی پر مبنی اشتہارات کے مواد کو گوگل سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس اور ویکسین کے حوالے سے ایسے 99 ملین جعلی اشتہاراتی اکاﺅنٹس کو ختم کیا گیا ہے جن سے کورونا وائرس ویکسین کی کمی، وبا کے بارے میں گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی کہانیاں، این۔95 ماسک کی قلت اور اتائی علاج کے حوالے سے جعلی اشتہارات کو پھیلایا جا رہا تھا۔
انٹرنیٹ کمپنی کی سالانہ اشتہارات کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل پالیسی کے مطابق 1.7 ملین اشتہاراتی اکائونٹس ختم کیے گئے ہیں، گوگل اپنی نئی پالیسیوں اور خودکار طریقے سے پتہ لگانے والی ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کی وجہ سے سخت اقدامات کے نفاذ میں کامیاب رہی ہے۔
سال 2020ء کے مقابلے میں سال 2019ء میں 21 ملین جعلی اشتہارات ہٹائے گئے تھے۔ انٹرنیٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ سالانہ اشتہارات کی رازداری اور حفاظت کا مقصد دنیا بھر میں صیح اور درست معلومات فراہم کرنا ہے۔