اسلام آباد: پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری کورونا وائرس کے بدترین معاشی اثرات سے بتدریج باہر آ رہی ہے اور روزافزوں بہتری کی جانب گامزن ہے جس کا اندازہ ملک میں کاروں، جیپوں، موٹرسائیکلوں، بسوں، ٹرکوں اور ٹریکٹرز کی پیداوار اور فروخت میں اضافے سے لگایا جا سکتا ہے۔
جاری مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران ملک میں جپیوں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 133.84 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لیکر فروری 2021ء تک کی مدت میں ملک میں چھ ہزار 439 یونٹس جیپوں کی پیداوار اور چھ ہزار 419 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے مقابلہ میں 133.84 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں دو ہزار 953 یونٹس جیپوں کی پیداوار اور دو ہار 745 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
چین پاکستان میں برقی کاروں کا پلانٹ لگائے گا
آٹو سیکٹر میں تیزی، آٹھ ماہ میں 95 ہزار سے زائد کاریں فروخت
فروری 2021ء میں ملک میں ایک ہزار 50 یونٹس جیپوں کی پیداوار اور ایک ہزار 58 یونٹس کی فروخت ہوئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ٹویوٹا فارچونر کے ایک ہزار 941 یونٹس، ہونڈائی ٹکسن کے دو ہزار 146 یونٹس اور ہونڈابی آر وی کے دو ہزار 332 یونٹس فروخت ہوئے۔
اسی طرح آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال 2020-21ء کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 19.62 فیصد جبکہ پیداوار میں 8.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جولائی سے فروری 2021ء تک کی مدت میں ملک میں 95 ہزار 141 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 19.62 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 8 ماہ میں پاکستان میں 79 ہزار 534 یونٹس موٹر کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں کاروں کی پیداوار میں 8.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصہ میں 88 ہزار 897 یونٹس موٹر کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 88 ہزار 196 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔