سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت ہسپتالوں کو 10 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کا اجراء

129

اسلام آباد: کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں سہولیات میں اضافہ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک 10 ارب 7 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار روپے کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں اس سکیم کا آغاز کیا تھا، سکیم کا مقصد وبا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں، طبی مراکز اور فارمیسیز کی استعدادِ کار میں اضافہ اور قرنطینہ سہولیات کی فراہمی میں مدد دینا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق اس سکیم کے تحت 25 فروری 2021ء تک 46 ہسپتالوں، طبی مراکز اور فارمیسیز کی جانب سے 14.313 ارب روپے مالیت کے قرضوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

سٹیٹ بینک نے موصول ہونے والی مجموعی  درخواستوں میں سے 43 درخواستوں کی منظوری دی اور ان ہسپتالوں و طبی مراکز کو  10 ارب 7 کروڑ 30 لاکھ 60 ہزار روپے کے قرضوں کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے معاونتی سکیم کے تحت ہسپتالوں اور طبی مراکز کے لئے پہلے قرضہ کی حد 20 کروڑ روپے مقرر کی تھی جسے بعدازاں بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دیا گیا۔

سٹیٹ بینک ملکی بینکوں کو یہ سکیم بلاسود فراہم کر رہا ہے جبکہ بینک ہسپتالوں یا طبی مراکز کو تین فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کر رہے ہیں۔ اس سکیم کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here