پی آئی اے کا لاہور سے گلگت اور سکردو کی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

923

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے آئندہ ماہ سے لاہور سے سکردو اور گلگت بلتستان کے لیے ہفتہ وار پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پرافٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ترجمان قومی ائیرلائن عبداللہ خان نے بتایا کہ اسلام آباد سے سکردو اور گلگت کیلئے پہلے ہی پروازیں شروع کی جا چکی ہیں جبکہ اس رُوٹ میں لاہور کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پی آئی اے لاہور سے گلگت اور سکردو کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائے گی۔ مسافروں کی تعداد کو مدِنظر رکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔

کراچی سے سکردو کی پروازوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ مذکورہ رُوٹ پر خراب موسمی صورت حال کی وجہ سے پروازوں کو چلانا مشکل تھا اس لیے پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

یاد رہے کہ سربراہ پی آئی اے ارشد ملک نے گزشتہ سال کراچی سے سکردو کیلئے براہِ راست پروازیں چلانے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:

پی آئی اے مئی میں ترکی کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرے گی

سبزیوں اور پھلوں کی مشرق وسطیٰ کو برآمدات، پی آئی اے نے کرائے میں کمی کر دی

قومی ائیرلائن کو کراچی سے سکردو کے درمیان ہفتے میں دو فلائٹس چلانا تھیں اور یہ فیصلہ ہوا تھا کہ خراب موسم کی صورت میں پروازوں کا رخ اسلام آباد ائیرپورٹ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

تاہم ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اگر کراچی-سکردو فلائٹ منسوخ ہونے پر اسلام آباد میں لینڈ کرائی جائے تو مسافر دارالحکومت میں پھنس جاتے ہیں جنہیں کراچی لے جانے میں پی آئی اے کو زیادہ مالی نقصان ہوتا ہے لیکن لاہور سے جانے والی فلائٹ اگر سکردو یا گلگت میں لینڈ نہ کر سکے تو اسے واپس لاہور لانا زیادہ آسان ثابت ہوتا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کا کم از کم کرایہ چھ ہزار روپے مقرر کیا گیا تھا تاہم ان کے اس دعوے کے برعکس اسلام آباد سے سکردو اور گلگت کا کرایہ 8 ہزار روپے سے 13 ہزار کے درمیان چارج کیا جا رہا تھا۔

سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے پی آئی اے نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ ائیرلائن اپنی پروزاوں کے لیے سکردو سمیت گلگت اور سوات کے نئے رُوٹس شامل کرے گی۔

پی آئی اے کا سوات سے پروازیں چلانے کا فیصلہ

قومی ائیرلائن نے سوات سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کرنے کے علاوہ شمالی علاقہ جات کے لیے نئے رُوٹس کا اعلان بھی کیا ہے۔

اس حوالے سے سوات میں سیدو شریف ائیرپورٹ کو آئندہ ماہ سے بحال کیا جا رہا ہے جو 2004ء سے سکیورٹی صورت حال کے باعث بند پڑا ہے، تاہم اب اس ائیرپورٹ کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے اَپ گریڈ کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا۔

سیاحوں کو سہولیات دینے کے لیے ہفتہ میں دو بار اسلام آباد سے سیدو شریف ائیرپورٹ کیلئے پروازیں چلائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ملک میں 44 ائیرپورٹس میں سے صرف 27 ائیرپورٹس فعال ہیں۔ بقیہ ائیرپورٹس میں سے چھ کو محدود طور پر فعال رکھا گیا ہے جبکہ 11 ائیرپورٹس کو مکمل طور پر بند کیا جا چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here