اسلام آباد: پاکستان کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 7.85 فیصد جبکہ جنوری 2021ء کے دوران 9.13 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق لارج سکیکل مینوفیکچرنگ کے پیداواری اشاریہ کے مطابق جولائی تا جنوری کے عرصہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 7.85 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق پیٹرولیم گروپ کی پیداور میں ماہانہ بنیادوں پر 2.33 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.63 فیصد اضافہ ہوا ہے، پیٹرولیم گروپ میں پٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، فرنس آئل، سالوینٹ نپھاتا، اور ایل پی جی کی پیداوارمیں اضافہ جبکہ جیوٹ فیول آئل، کروسین آئل، ڈیزل آئل اور جیوٹ بلیچنگ آئل کی پیداوارمیں کمی ہوئی ہے۔
اسی طرح چینی، سگریٹ، سوتی دھاگا، جیوٹ گڈز، چپ بورڈ، سوڈا ایش، مختلف کھادوں، سٹیل و آئرن مصنوعات کی پیداوار میں عمومی اضافہ کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔ ٹریکٹر سازی، جیپ اور کاروں ، لائٹ کمرشل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ملکی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال 2020-21 کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران لارج سکیل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کا کوانٹم انڈیکس نمبر 147.22 پوائنٹس رہا جبکہ سال 2019-20ء کی اسی مدت کے دوران یہ اعشاریہ 136.49 پوائنٹس پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔