حکومت کا یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا نیا مینجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کا فیصلہ

643

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کا نیا مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ صنعت و پیداوار نے وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کے بعد نئے ایم ڈی کو بھرتی کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت تین سال کی مدت کے لیے نجی شعبے سے نئے ایم ڈی کو تعینات کرے گی، موجودہ ایم ڈی عمر لودھی رواں سال مئی میں اپنی دوسالہ مدت ختم ہونے کے بعد عہدہ برآ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ عمر لودھی کے اپنے دورِ ملازمت میں کارپوریشن کے چیف فنانشل آفیسر اور سابق چئیرمین کے ساتھ مالی بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز کے حوالے سے شدید اختلافات رہے ہیں۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے سی ایف او حمود الرحمان نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو موجودہ ایم ڈی  کی طرف سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے خط لکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن عہدے سے برطرف، بورڈ تحلیل

یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا آغاز یکم اپریل سے ہو گا

خط میں کہا گیا تھا کہ “بورڈ نے جولائی 2019ء میں منعقدہ 151ویں اجلاس میں طے کیا تھا کہ ہیڈ آفس، زونز اور ریجنز میں اکاؤنٹس اور فنانس سٹاف کی بھرتی سی ایف او کی تجویز کے تحت ہونا ضروری ہے لیکن آٹھ کے قریب منظورِ نظر عہدیداروں کے تبادلے اور تقرریاں سی ایف او کی اجازت کے بغیر کیے گئے۔”

انہوں ںے مزید انکشاف کیا کہ ایم ڈی کو سکیل ایم پی-وَن کے تحت بھرتی کیا گیا تھا لیکن عمر لودھی نے ناصرف عہدے سے زیادہ مراعات اور الاؤنسز لے رہے ہیں بلکہ سرکاری وسائل کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور تین گاڑیاں ان کے زیر استعمال ہیں، جو سراسر غیرمنصفانہ اور غیرقانونی عمل ہے۔

واضح رہے کہ سابق چئیرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان اور موجودہ ایم ڈی عمر لودھی نے ایک دوسرے پر بدعنوانی، مالی بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے تھے او انہی الزامات کی وجہ سے سابق چئیرمین کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here