اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بھی رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خورونوش پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے سات ارب 80 کروڑ روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
اس سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے سات ارب 80 کروڑ روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیش کی گئی تھی جو 10 مارچ 2021ء کو وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
پنجاب حکومت کا 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان
یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا آغاز یکم اپریل سے ہو گا
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری کے بعد ماہ مقدس میں یوٹیلیٹی سٹورز پر 19 اشیائے خورونوش پر سبسڈی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کا بوجھ لوگوں پر کم سے کم پڑے اور 7.8 ارب روپے کا پیکج اسی کوشش کا حصہ ہے۔ وزیراعظم کا سب سے زیادہ وقت مہنگائی کو نیچے لانے پر صرف ہوتا ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو اتنی تباہ حال معیشت ملی تھی کہ تمام کوششوں کے باوجود قرضوں کے بوجھ سے نمٹنا آسان نہیں ہے، یوٹیلٹی سٹورز ایک تباہ شدہ ادارہ تھا لیکن رواں سال کے آخر تک وہ خسارے سے باہر آ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بھی مستحکم ہو رہی ہے اور کورونا وائرس سے جانی نقصان بھی کم رہا جس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم نے بڑی جلدی اقدامات شروع کر دیے تھے اور کیسز کی شرح کم رہی، جب پہلی لہر آئی تھی اس وقت ہم نے جو پالیسی بنائی تھی وہ بہت کامیاب رہی اور اسی پر عمل کر کے وبا پر قابو پایا۔
حماد اظہر نے اس موقع پر بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی پر 40 روپے فی کلو، خوردنی تیل پر 20 روپے فی لٹر، کھجوروں پر 20 روپے فی کلو اور چاول پر 10 روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں چار ہزار سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا آغاز یکم اپریل 2021ء کو ہو گا۔ اس دوران شہریوں کو روزمرہ استعمال کی 19 ضروری اشیاء پر 10 سے 15 فیصد تک سبسڈی دی جائے گی۔