لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا کہ ریجنل ٹیکس دفتر فیصل آباد کے انویسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن سیل نے امین ٹریڈرز نامی نجی کمپنی کے خلاف جعلی اور فلائنگ انوائسز جاری کرنے پر ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران مختلف کاروباری یونٹس کے ناموں کا جعلی ریکارڈ، انوائسز اور جعلی اور فلائنگ انوائسز میں استعمال کرنے کے لیے مختلف سٹمپس ضبط کر لی گئیں ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق ریجینل ٹیکس دفتر فیصل آباد کے حکام کی کارروائی میں پکڑے جانے والے ملزم سے ابتدائی تفتیش کے دوران حاصل کردہ معلومات کے مطابق گروہ جاری کردہ جعلی اور فلائنگ انوائسز کی وجہ سے کروڑوں کے ٹیکس فراڈ میں ملوث ہے۔
ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ اس تمام فراڈ کی مزید تحقیقات اور ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔