اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ شراکت داروں کو چینی کی اضافی طلب سے متعلق تخمینہ جات وزارت صنعت و پیداوار کو فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ سال کیلئے چینی کی مناسب منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سوموار کو وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلا س میں ملک بھر میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، ٹماٹر، بناسپتی گھی، چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.57 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ ہفتہ سات ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
یہ بھی پڑھیے: یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا آغاز یکم اپریل سے ہو گا
کمیٹی نے سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو آٹے کی قیمتوں کی نگرانی کے ضمن میں تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت کی تاکہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کو روکا جا سکے۔ وزیرخزانہ نے ملک بھر میں آٹے کی بلاتعطل اور مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ گنے کا کرشنگ سیزن ختم ہو چکا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں چینی کی مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، وزیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ شراکت داروں کو چینی کی اضافی طلب سے متعلق تخمینہ جات وزارت صنعت و پیداوار کو فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ سال کیلئے چینی کی مناسب منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار گھی اور آئل کی مناسب قیمت پر فراہمی کیلئے پہلے سے کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن رمضان پیکج کے تحت رعایتی نرخوں پر گھی و آئل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
وزیر خزانہ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعہ روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کو سراہا اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں سٹوروں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ حکومت اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے ذریعہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے۔
اجلاس میں وزیر خوراک فخر امام، وزیر صنت و پیداوار حماد اظہر، معاون خصوصی ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود، صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری صنعت و پیداوار، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خوراک، رکن مسابقتی کمیشن، رکن پی بی ایس، ایم ڈی پاسکو، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور وزارت خزانہ کے سینئیر افسران نے شرکت کی۔