اسلام آباد: پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری کورونا وائرس کے بدترین معاشی اثرات سے بتدریج باہر آ رہی ہے اور روزافزوں بہتری کی جانب گامزن ہے جس کا اندازہ ملک میں کاروں، موٹرسائیکلوں ، بسوں، ٹرکوں اور ٹریکٹرز کی پیداوار اور فروخت میں اضافے سے لگایا جا سکتا ہے۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال 2020-21ء کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 19.62 فیصد جبکہ پیداوار میں 8.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے کے مطابق جولائی سے فروری 2021ء تک کی مدت میں ملک میں 95 ہزار 141 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 19.62 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 8 ماہ میں پاکستان میں 79 ہزار 534 یونٹس موٹر کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
چین پاکستان میں برقی کاروں کا پلانٹ لگائے گا
فروری میں کاروں کی فروخت میں 55 فیصد اضافہ
پاکستان میں تیار کردہ برقی گاڑیوں پر کتنا ٹیکس لگے گا؟
رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں کاروں کی پیداوار میں 8.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصہ میں 88 ہزار 897 یونٹس موٹر کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 88 ہزار 196 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔
آٹھ ماہ کے دوران ہونڈا کاروں کی فروخت میں 52.06 فیصد اضافہ جبکہ ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں 41.12 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔ سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 5.11 فیصد، سوزوکی کلٹس کی فروخت میں 6.35 فیصد اور ویگن آر کی فروخت میں 30.90 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فروری 2021 میں سالانہ اعتبار سے پاکستان میں کاروں کی فروخت میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق فروری میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی گاڑیوں کی فروخت میں 66 فیصد اضافہ ہوا اور یہ کمپنی سرفہرست رہی ہے۔
پاما کے مطابق سوزوکی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کی بنیادی وجہ آلٹو کی سیلز میں 162 فیصد اور سوزوکی راوی کی سیلز میں 106 فیصد اضافہ ہے، فروری 2021ء کے دوران آلٹو کے چار ہزار 245 یونٹس اور راوی کے ایک ہزار 268 یونٹس فروخت ہوئے۔
پاکستانی آٹو انڈسٹری میں ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ لحاظ سے 13 فیصد اضافہ ہوا جبکہ انڈس موٹر کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ اعتبار سے تین فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ملکی آٹو انڈسٹری میں نئی شامل ہوالی ہونڈائی نشاط کے فروری میں 651 یونٹس اور لکی موٹر (کِیا) کے دو ہزار 500 یونٹس فروخت ہوئے۔
کاروں کی فروخت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ رواں سال پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں گاڑیوں کے کئی نئے ماڈلز متعارف کروائے جا رہے ہیں اور رواں سال ملک میں دو لاکھ سے زیادہ نئی گاڑیوں کی فروخت متوقع ہے۔
دوسری جانب چین کی سب سے بڑی آٹو موبائل کمپنی پاکستان میں برقی کاروں کا پیداواری پلانٹ قائم لگانے جا رہی ہے جس کیلئے سرمایہ کاری بورڈ نے ایم جی جے ڈبلیو آٹو موبائل پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کو بطور زون انٹرپرائز تسلیم کر لیا ہے اور کمپنی جے ڈبلیو سپیشل اکنامک زون رائیونڈ میں برقی کاروں کا پلانٹ لگائے گی۔