اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران ملک میں زرعی ٹریکٹرز کی پیداوار گزشتہ سال کے 20408 یونٹس کے مقابلے میں 52.87 فیصد اضافے سے 31199 یونٹس تک جا پہنچی۔
پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے فروری 2021 تک آٹھ ماہ کے دوران ملک میں ٹرکوں کی پیداوار گزشتہ سال کے 2425 یونٹس سے 16.65 فیصد کم ہو کر 2021 یونٹس پر آ گئی۔
اسی طرح جولائی تا فروری 2021ء کے دوران بسوں کی پیداوار میں بھی 10.46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے 430 یونٹس سے کم ہو کر جاری مالی سال کے دوران 385 یونٹس پر آ گئی۔
دوسری جانب چھوٹی کمرشل گاڑیوں، ویگنوں اور جیپوں کی پیداوار میں 118.04 فیصد اضافہ ہوا، یہ پیداوار گزشتہ برس کے 2953 یونٹس کے مقابلے میں جولائی تا فروری 2021 کے دوران 6439 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔
اس دوران مسافر گاڑیوں کی پیداوار 8.27 فیصد اضافے سے 88 ہزار 997 یونٹس ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے پہلے آٹھ ماہ کی مدت کے دوران یہ پیداوار 82 ہزار 196 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔
موٹرسائیکلز اور تھری وہیلرز کی مینوفیکچرنگ میں بھی 16.32 فیصد اضافہ ہوا۔ سال 2020ء کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران یہ پیداوار 10 لاکھ 88 ہزار 714 یونٹس سے بڑھ کر رواں برس 12 لاکھ 66 ہزار 444 یونٹس تک پہنچ گئی۔