اسلام آباد: ہارٹی کلچر کی برآمدات کو سہولیات دینے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے مشرقِ وسطیٰ کے فریٹ کرایوں میں کمی کر دی۔
گزشتہ روز سربراہ پی آئی اے ائیر مارشل (ر) ارشد ملک کے ساتھ وزارتِ تجارت کے حکام اور چئیرمین پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) وحید احمد نے ملاقات کی، اس موقع پر طویل غروخوض کے بعد پی آئی اے کے کرائے میں کمی کا فیصلہ کیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے مشرقِ وسطیٰ کے شہروں جدہ، ریاض، دمام اور دبئی کو پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات کے حوالے سے ائیر فریٹ کے کرایوں میں نظرثانی کر کے 24 سینٹس تک کمی کی ہے جو فی کلوگرام 0.04 ڈالر یعنی 40 کلوگرام کے برابر بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
اسلام آباد سے چترال کیلئے پی آئی اے کی فضائی سروس ڈیڑھ سال بعد بحال
رضاکارانہ برخاستگی سکیم کے تحت پی آئی اے ملازمین کو ادائیگیوں کا سلسلہ شروع
پی آئی اے نے پی ایف وی اے کو مستقبل میں بھی برآمداتی مصنوعات پر فریٹ کرایوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سربراہ پی آئی اے ارشد ملک نے کہا کہ ائیرلائن نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلے سے ایک بڑی سکیننگ مشین نصب کر دی ہے جہاں بیک وقت 100 ڈبے (پیک شدہ مصنوعات) سکین کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے ائیرپورٹس پر بھی ایسے سکینرز نصب کرنا ہوں گے۔