ریاض: عالمی ادارہ سیاحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک ملک نے عالمی سیاحت کے لیے اپنے دروازے بند کر دیئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ادارے نے توجہ دلائی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث حکومتیں زیادہ محتاط طریقہ کار اپنانے پر مجبور ہو گئی ہیں اور فروری 2021ء کے بعد سے دنیا کے 32 فیصد ممالک نے عالمی سیاحت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ان میں 38 فیصد ممالک ایسے ہیں جو کم از کم 40 ہفتے کے لیے بند ہیں جبکہ 34 فیصد ممالک نے جزوی طور پر عالمی سیاحت کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پنجاب کے511 سیاحتی مقامات ایک ایپ پر دستیاب
لاہور نیویارک ٹائمز کی 2021ء کے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل
ملائیشیا، سیاحوں کی آمد میں 2020ء کے دوران 83 فیصد کمی، اربوں ڈالر کا نقصان
سیاحت کے عالمی ادارہ کے سیکرٹری جنرل زورب پولیشکاول نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے سفری پابندیوں کا سہارا بڑے پیمانے پر لیا گیا جبکہ ہم نے سیاحت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کیے ہیں تو ہمیں یہ حقیقت مدنظر رکھنا ہوگی کہ سفری پابندیاں وبا سے بچائو کے حل کا ایک حصہ ہیں اور یہ مکمل حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سلسلے میں لچکدار طریقہ کار اپنانا ہو گا اور تازہ ترین اعدادوشمار کو مدنظر رکھ کر نئے فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ دنیا بھر کے 69 ممالک ایسے ہیں جو سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جنہوں نے عالمی سیاحت پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے ان میں 30 ایشیا و بحر الکاہل، 15 یورپ، 11 افریقہ اور 10 کا تعلق براعظم امریکا سے ہے جبکہ 3 ممالک مشرق وسطی سے تعلق رکھتے ہیں جن میں سے ایک سعودی عرب ہے۔