‘کیوبا کی بائیوٹیک کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگانا چاہتی ہیں’

پہلے مرحلے میں کیوبن فارماسیوٹیکل کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات سپلائی کرنے کے لئے قابل اعتبار پارٹنرز کی تلاش میں ہیں، پاکستان میں کیوبا کے سفیر کا تاجر برادری سے خطاب

353

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر زینر جے کیرو گونزالیز نے کہا ہے کہ کیوبا کی بائیو ٹیک کمپنیاں ٹیکنالوجی منتقل کر کے پاکستان میں ادویات تیار کرنے کیلئے سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تاکہ وہ پاکستانی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ایران، چین، وسطی ایشیائی ریاستوں، یورپ، انڈونیشیا، ملائشیا اور دیگر ممالک کو اپنی مصنوعات برآمد کر سکیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیوبا کے سفیر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کیوبا کی فارماسیوٹیکل کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات سپلائی کرنے کے لئے قابل اعتبار پارٹنرز کی تلاش میں ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں وہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر کر کے پاکستان میں فیکٹریاں لگانا چاہتی ہیں تاکہ پاکستان میں ہی ادویات تیار کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کیوبا کی کووڈ ویکسین جلد ہی پاکستانی مارکیٹ میں پہنچ جائے گی جبکہ کیوبا کی کمپنیاں پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بھی ویکسین فراہم کرنا شروع کر دیں گی جس سے ذیابیطس کے مریضوں کو کافی فائدہ ہو گا۔

کیوبن سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے چاول، ٹیکسٹائل مصنوعات، سرجیکل آلات اور دیگر مصنوعات کیوبا کو برآمد کرنے کیلئے بھی بھرپور کوشش کریں گے۔ کیوبا اور پاکستان کے نجی شعبوں کے مابین مضبوط روابط کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کا قیام ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سرمایہ کار بھی کیوبا میں سرمایہ کاری کرکے اپنی مصنوعات کو ریاست ہائے متحدہ امریکا، جنوبی و شمالی امریکہ، کیربین اور دیگر ممالک کی مارکیٹوں کو برآمد کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں کیوبا کے سرمایہ کاروں کے لئے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کے بارے میں سفیر کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا اپنے نجی شعبوں کو قریب لا کر باہمی تجارت میں بہتر اضافہ کر سکتے ہیں، چونکہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم جگہ پر واقع ہے اور سرمایہ کاروں کو دنیا کی کئی بڑی مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔

صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ حکومت ملک میں کئی اسپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے جن میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات کی پیش کش کی گئی ہے لہٰذا کیوبن سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے ان مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، تعمیرات، صحت و تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بھی باہمی تعاون کر فروغ دے کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here