پنجاب حکومت کا ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کا اعلان

خواتین کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے پالیسی متعارف کرائی جائے گی، پیکجز انڈسٹری کے لئے خصوصی مراعاتی پیکج دیں گے: وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلام اقبال

815

لاہور: وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائےگی اور خواتین کو بزنس کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایس ایم ایز کی جامع پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام برآمدکنند گان کے مسائل کے حل اور اس شعبے کی ترقی کیلئے منعقدہ پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی زبردست معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹائلز بنانے کے صنعتی یونٹس لگ رہے ہیں اور ٹیلی کام سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ سمارٹ فون کمپنیوں ویوو اور اوپو نے پنجاب میں سمارٹ فون تیار کرنے کے معاہدے کئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

پنجاب میں ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو سروس متعارف

پنجاب حکومت کا سپیشل اکنامک زونز میں 10 سال انکم ٹیکس پر چھوٹ دینے کا اعلان

پنجاب میں مختلف ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے دو ارب سے زائد کی منظوری

ان کا کہنا تھا ٹیوٹا میں آئی ٹی ٹاور بنانے کے لئے پنجاب بینک سے معاہدہ ہو چکا ہے جس سے نوجوانون کو کاروبار شروع کرنے کے لئے پلیٹ فارم میسر آئے گا، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ 2012ء سے کسی کو نیا سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے این او سی جاری نہیں ہوا تھا مگر موجودہ حکومت نے ایک سال میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے سات  این او سی جاری کر دیے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں مائننگ کی لیز پر سے پابندیاں ختم کر دی گئیں ہیں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں جس سے سرمایہ کاری بڑھی ہے۔ پیکجز انڈسٹری کے لئے بھی خصوصی مراعاتی پیکج دیں گے۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ بزنس کو فروغ دینے کے لئے بینکنگ سیکٹر کا کردار اہم ہے۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے حوالے سے آنے والے دنوں میں اچھی خبر ملے گی۔

ڈائیلاگ کے شرکاء نے پنجاب کی تمام ڈرائی پورٹس کو فعال کرنے، ٹیکسٹائل پالیسی کی جلد منظوری، سیالکوٹ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ایکسپو سنٹر کے قیام، سرجیکل سیکٹر میں لیبر کی عدم دستیابی، بائیو ٹیکنالوجی ویلیج کے قیام اور ہینڈی کرافٹس کو ڈیوٹی فری کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان، سی ای او ڈاکٹر ارفع اقبال اور مختلف ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدور، بزنس کمیونٹی اور ایکسپورٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here