ریاض: سعودی عرب کی قومی آئل کمپنی آرامکو نے مارچ 2021ء کے لیے پٹرول کے نئے نرخ جاری کر دیئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق آرامکو کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارچ کے لیے 91 پٹرول کی فی لٹر قیمت 1.90 ریال ہو گی، فروری میں اس کی فی لٹر قیمت 1.81 ریال جبکہ جنوری میں 1.62 ریال مقرر تھی۔
مارچ کے لیے 95 پٹرول کی فی لٹر قیمت 2.4 ریال مقرر کی گئی ہے، فروری میں اس کی فی لٹر قیمت 1.94 ریال جبکہ جنوری میں 1.75 ریال مقرر تھی۔ ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہلالہ اور 70 ہلالہ فی لٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2020ء میں 91 پٹرول کی فی لٹر قیمت ایک ریال 44 ہلالہ تھی جبکہ 95 پٹرول فی لٹر ایک ریال 55 ہلالہ فروخت کیا جا رہا تھا۔
ادھر امریکا میں خام تیل کے نرخوں میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ ملکی آئل سٹاک میں اضافہ ہے تاہم عالمی اقتصادی شرح نمو کی بہتری کے امکانات کے باعث قیمتوں میں کمی محدود رہی۔
نیویارک میں برنٹ نارتھ سی کروڈ کے وقفے سے قبل نرخ 30 سینٹ (0.4فیصد) گر کر 67.22 ڈالر فی بیرل رہے۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 38 سینٹ (0.6فیصد) کمی کے ساتھ 63.63 ڈالر فی بیرل طے پائے۔