فروری کے دوران نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 39 فیصد اضافہ

رجسٹرڈ ہونے والی نئی کمپنیوں میں سب سے زیادہ 354 کمپنیاں تجارتی شعبے سے متعلق رجسٹرڈ ہوئیں، دوسرے نمبر پر آئی ٹی کے شعبے میں 272 کمپنیاں، تعمیرات سے 220 کمپنیاں، خدمات کے شعبے سے 216، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ سے 163، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ سے 99 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں

565

اسلام آباد: سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کہا ہے کہ کاروباری آسانی کی وجہ سے فروری 2021ء میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 39 فیصد زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

ایس ای سی پی کے جاری کردہ بیان کے مطابق فروری 2021ء میں کارپوریٹ رجسٹرار نے کل دو ہزار 257 نئی کمپنیاں اور سٹارٹ اپس رجسٹرڈ کیے، جن میں 99 فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹرڈ ہوئیں اور 30 فیصد کمپنیوں کو درخواست دینے کے روز ہی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔

ایس ای سی پی کے مطابق بیرون ملک سے 175 غیرملکی کمپنیاں بھی رجسٹرڈ ہوئیں۔ یوں جاری مالی سال کے دوران ایس ای سی پی کے ساتھ مجموعی طور پر رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 54 ہو گئی ہے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا کہنا ہے کہ مؤثر اقدامات کے نتیجے میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے، ان اقدامات میں کمپنی کے نام کے تحفظ کیلئے آسان طریقہ، فیس میں کمی، آن لائن ادائیگیوں کی سہولت، رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کا اجراء اور نئے قائم کیے گئے بزنس سینٹر کی طرف سے معاونت شامل ہیں۔

رجسٹرڈ ہونے والی نئی کمپنیوں میں 68 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ، 30 فیصد سنگل ممبر اور دو فیصد پبلک اَن لسٹڈ، غیرمنافع بخش، غیرملکی کمپنیوں اور لمیٹڈ لائبیلیٹی پارٹنرشپ کے طور پر رجسٹرڈ ہوئیں۔

فروری 2021ء میں 52 نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری آئی، ان کمپنیوں میں کینیڈا، چین، ڈنمارک، مصر، جرمنی، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، کویت، لبنان، ناروے، اومان، پرتگال، سعودی عرب، سنگاپور، سپین، شام، تنزانیہ، ترکی، یو اے ای، برطانیہ، یوکرین اور امریکہ سے سرمایہ کاری کی گئی۔

رجسٹرڈ ہونے والی نئی کمپنیوں میں سب سے زیادہ 354 کمپنیاں تجارتی شعبے سے متعلق رجسٹرڈ ہوئیں، دوسرے نمبر پر آئی ٹی کے شعبے میں 272 کمپنیاں، تعمیرات سے 220 کمپنیاں، خدمات کے شعبے سے 216، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ سے 163، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ سے 99 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

اسی طرح ای کامرس کے شعبے سے رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 92، خوراک و مشروبات کے شعبے سے 81، شعبہ تعلیم سے 65، ٹیکسٹائل 60، صحت کے شعبے سے 56، انجنئیرنگ سے 47، مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور فارماسیوٹیکل کے شعبے سے بالترتیب 43، 43 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق کیمیکلز سیکٹر سے 39 کمپنیاں، سیاحت سے 36، ٹرانسپورٹ سے 35، آٹو اینڈ الائیز سے 32، کاسمیٹکس، کان کنی وغیرہ کے شعبوں سے بالترتیب 29، کیبل اینڈ الیکٹرانک مصنوعات کی 27، ایندھن اور توانائی کی 23 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔

براڈکاسٹنگ اور ٹیلی کاسٹنگ سیکٹر سے 22، ابلاغیات سے 20، لاگنگ کی 19، کاغذ و گتے کی 16، سٹیل اینڈ الائیڈ کی 14، توانائی کی پیداوار کی 13 اور ووڈ اور لکڑی اور فرنیچر سازی سے متعلق 11 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر شعبوں میں 81 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here