سعودی ولی عہد سے ملائیشیا کے وزیراعظم کی ملاقات، تین معاہدوں پر دستخط

192

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے گزشتہ روز سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک ملاقات کے دوران تین معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان اور ملائیشین وزیراعظم نے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے رشتوں کو مستحکم کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

سعودی عرب اور ملائیشیا کے رہنمائوں نے خطے کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

سعودی عرب کی طرف سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ملائیشیا کی جانب سے وزیر خارجہ ہشام الدین بن حسین نے دستخط کیے۔

پہلا معاہدہ سعودی ملائیشین رابطہ کونسل کے قیام کی بابت تھا جبکہ دوسرا معاہدہ ملائیشیا سے حج اور عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد کے بارے میں ہوا اور تیسرے معاہدے کا تعلق اسلامی امور میں مفاہمتی یادداشت سے ہے۔

اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here