لاہور: وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے 4.8 ارب روپے مالیت کے سات آئی ٹی منصوبوں کی منظوری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
یہ ٹیک منصوبے وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے اہداف حاصل کرنے کی طرف ایک قدم ہے۔ تاہم، وزارتِ آئی ٹی نے صرف چھ ٹیک منصوبوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
دیامیر بھاشا ڈیم کے قریبی علاقوں کے نیٹ ورکنگ انفراسٹرکچر کے لیے 1580 ملین روپے سمیت سیؤل معاہدے کے رکن ممالک کے لیے 143 ملین روپے کے ڈگری ایکویلینسی پروگرام، گلگت بلتستان میں 298 ملین روپے کے تکنیکی تربیتی مرکز، 5جی کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سینٹر کی ڈویلپمنٹ کے لیے 651 ملین روپے، نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے لیے 367 ملین روپے اور سائیبرسکیورٹی پروجیکٹ کے لیے 1944 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے ‘ڈیجیٹل پاکستان ویژن’ کو فروغ دینے کے لیے 2018ء میں وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے ڈیجیٹل ایکوسسٹم متعارف کرایا گیا تھا۔ 2019 میں وزیراعظم کے اس ویژن کو سرکاری سطح پر پالیسی کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ ڈیجیٹل پالیسی متعارف کرانے کے بعد سے حکومت نے رابطے بڑھانے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ڈیجیٹل سکلز میں سرمایہ بڑھانے اور انوویشن اور ٹیک سے متعلق انٹرپرینیورشپ کے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔