اسلام آباد: اقوام متحدہ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2025ء تک پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی جبکہ موجودہ آبادی 21 کروڑ 20 لاکھ ہے جس کے مطابق پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں سب سے بڑا ملک بن جائے گا۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی کہ 2030ء تک پاکستان کی شہری آبادی 25 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے قیام پاکستان کے وقت شہری علاقوں کی مجموعی آبادی تین کروڑ 20 لاکھ تھی جبکہ 2021ء میں پاکستان کی مجموعی آبادی کا 36.9 فیصد شہری آبادی پر مشتمل ہے جس میں 2050ء تک 50 فیصد تک اضافے کا امکان ہے اور شہری آبادی میں سالانہ تین فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کی آبادی 50 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 10 لاکھ جبکہ کوئٹہ اور اسلام آباد جیسے چھوٹے شہروں کی آبادی دوگنی ہو گئی ہے جبکہ باقاعدہ منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث دیہی آبادی میں بھی 2030ء تک مزید اضافے کا امکان ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچی آبادیوں کے رہائشی حالات کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کو پورا کرنے کے لئے کچی آبادی میں رہنے والوں کی صحت اور سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری کی ضرورت ہے۔