ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا کے سرکاری دفاتر میں تاخیری حربوں کے خاتمہ، مہنگائی پر قابو پانے، منافع خوری اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے فائل ٹریکنگ سسٹم اور مرستیال ایپ کا دائرہ کار ڈویژنز اور تمام اضلاع کے سرکاری دفاتر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی ہدایت پر تمام ڈویژنل اور اضلاع کے فوکل پرسنز کو فائل ٹریکنگ سسٹم، گوڈ گورننس فریم ورک اور مرستیال ایپ کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کی بہتری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے، سرکاری امور فوری نمٹانے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں جانچنے کیلئے مختلف موبائل ایپلی کیشنز بنائی ہیں جس سے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
خیبرپختونخوا میں یونیورسٹیوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کا آغاز
خیبرپختونخوا حکومت کا گاڑیوں کیلئے یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کرنے کا فیصلہ
بجلی کی ترسیل اور تقسیم کیلئے خیبرپختونخوا نے اپنی الگ ٹرانسمیشن کمپنی کا لائسنس حاصل کر لیا
ڈائریکٹرجنرل گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ ظاہر شاہ نے مہنگائی پر قابو پانے، منافع خوری اور تجاوزات کو ہٹانے کیلئے ”مرستیال” کے نام سے موبائل ایپ بھی بنائی ہے، اس ایپ کے ذریعے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتیں موبائل نوٹی فکیشن کے ذریعے موصول ہوں گی۔
اکثر دوکاندار اشیائے خوردونوش کو مہنگے داموں بیچتے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، اس لئے مہنگائی پر قابو پانے، جگہ جگہ گندگی پھیلانے اور تجاوزات کو رپورٹ کرنے کیلئے یہ ایپ بنائی گئی ہے جس سے شہری مہنگائی یا تجاوزات کرنے والوں کی نشاندہی کریں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم آر یو ڈاکٹر عاکف خان کا کہنا ہے کہ مرستیال ایپ مردان میں کامیاب رہا جس پر صوبائی حکومت نے اس ایپ کا دائرہ تمام اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایپ کو چلانے کیلئے تمام ڈویژنز اور اضلاع کے فوکل پرسنز کو ٹریننگ دینا بہت ضروری تھا جس پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے فوری احکامات جاری کئے کہ تمام فوکل پرسنز کو ٹریننگ دی جائے۔