اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے سینما، شادی ہالز میں تقریبات اور ریسٹورنٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
سینما گھروں میں لوگوں کے داخلے اور ہالز کے اندر شادی کی تقریبات اور ریسٹورنٹس کو 15 مارچ سے کھولے جانے کے امکانات تھے۔
این سی او سی کا اجلاس سوموار کو منعقد ہوا جس میں فیصلہ ہوا کہ لاک ڈاؤن مکمل ختم کرنے کے حوالے سے اپریل 2021ء کے دوسرے ہفتے نظرثانی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نیشنل کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورت حال اور اس سے متعلق اقدامات، ویکسی نیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی بارے غور کیا گیا جس میں صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
این سی او سی میں ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے مثبت کیسز کا جائزہ لیا گیا، فورم نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ گراس روٹ کی سطح پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی 9 مارچ کے اجلاس میں سکولوں کو کھولنے کے طریقوں پر نظر ثانی کرے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار 592 افراد کے کووڈ۔19 ٹیسٹ مثبت آئے اور 22 افراد جاں بحق ہوئے۔
ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 18 ہزار 415 ہے، ملک کے چار بڑے شہروں میں وینٹی لیٹرز پر کووڈ۔19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 17 فیصد، لاہور میں 36 فیصد، پشاور میں 20 فیصد اور اسلام آباد میں 30 فیصد مریض ہیں۔
اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 38 فیصد، اسلام آباد میں 31 فیصد، گجرات میں 94 فیصد اور ملتان میں 29 فیصد مریض ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 37 ہزار 347 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 813، پنجاب میں 14 ہزار 677، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 141، اسلام آباد میں 4 ہزار 578، بلوچستان میں 267، گلگت بلتستان میں 263، آزاد کشمیر میں 608 ٹیسٹ کیے گئے۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 60 ہزار 458 ہو چکی ہے، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر نہیں جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹی لیٹرز پر 211 مریض ہیں۔