خیبرپختونخوا حکومت کا 300 میگاواٹ کا بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

یہ پاور اسٹیشن ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر لگایا جائے گا، اس کی تکمیل سے روزگار کے 1400 مواقع پیدا ہوں گے جبکہ سالانہ 15 ارب روپے آمدن ہو گی

852

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اگلے مہینے کے وسط تک بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے محکمہ توانائی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تمام پیشگی تیاریوں اور انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی جائے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت بالاکوٹ ہائیڈرو پاور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کی طرف سے وزیراعلیٰ کو پاور منصوبے پر کام کے آغاز کے حوالے سے اب تک پیش رفت اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تمام تیاریاں تقریباََ مکمل ہیں، منصوبے کے کنٹریکٹ پر جلد دستخط کئے جائیں گے جس کے بعد کنٹریکٹر منصوبے پر عملی کام شروع کرے گا۔

تین سو میگاواٹ پیداواری استعداد کا یہ پاور اسٹیشن ایشیائی ترقیاتی بینک کی مدد سے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی لاگت کا تخمینہ 85 ارب روپے لگایا گیا ہے۔  اس کی تکمیل سے روزگار کے 1400 مواقع پیدا ہوں گے جبکہ سالانہ 15 ارب روپے آمدن ہو گی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے لئے درکار زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے جسے جلد مکمل کرنے کے لئے محکمہ توانائی متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ ضلعی حکام کو ہدایت جاری کی کہ پاور پروجیکٹ کے لئے درکار زمین کی خریداری کا عمل جلد سے جلد اور بروقت مکمل کیا جائے۔ منصوبے پر عملی کام کے آغاز میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔

محمود خان نے کہا کہ صوبے میں موجود پن بجلی کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرکے توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھا رہے ہیں، منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو جائے گا۔

انہوں نے نیپرا کی طرف سے صوبائی حکومت کو اپنی ٹرانسمیشن اور گرڈ کمپنی قائم کرنے کے لئے لائسنس کے اجرا کو اہم پیشرفت اور توانائی کے شعبے میں صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here