اینگرو فاﺅنڈیشن اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے اشتراک سے سات کروڑ سے معاشی بہبود کے اقدامات کا آغاز

748

کراچی: اینگرو کارپوریشن اور داﺅد ہرکولیس کے چیئرمین حسین داﺅد کی طرف سے کووِڈ-19 کے خلاف ایک ارب روپے کی امداد کے عہد کے تحت اینگرو کارپوریشن کی سماجی کمپنی اینگرو فاﺅنڈیشن نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے ساتھ احساس آمدن پروگرام کے ذریعے 70 ملین روپے کی لاگت کے معاشی اقدامات کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پردستخط کئے ہیں۔

ان اقدامات کے تحت اینگرو فاﺅنڈیشن ایک معاشی پروگرام تیار کرے گی جس میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں چھوٹے کسانوں پر توجہ دی جائے گی۔ یہ شراکت داری احساس آمدن پروگرام کیلئے امور انجام دینے والی ایجنسی پی پی اے ایف کے ساتھ تعاون کے ذریعے حکومتِ پاکستان کے غربت کے خاتمے کے پروگرام کو سپورٹ کرے گی تاکہ ایسے مستحق خاندانوں کو مدد فراہم کی جا سکے جن کی آمدنی کورونا کی وباء کے دوران بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اثاثے فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ غربت سے نجات حاصل کر سکیں۔ ان اثاثہ جات میں مویشی (بکریاں، گائے، بھینس، پولٹری)، زرعی سامان، چنگچی رکشہ باڈی اور چھوٹے دکانداروں اور کاروباری اداروں کیلئے سامان وغیرہ شامل ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کے چاروں صوبوں کے 23 غریب ترین اضلاع کی 75 یونین کونسلوں میں شروع کیا جا رہا ہے۔

اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اینگرو فاﺅنڈیشن کے ٹرسٹی غیاث خان کے مطابق کووڈ-19کے معاشی اثرات نے لاکھوں افراد کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے اور اس کے نتیجے میں پاکستان میں 30 لاکھ ملازمتیں متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے احساس پروگرام کو غربت میں کمی کیلئے عالمی سطح پر ایک رول ماڈل کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں پی پی اے ایف کے ساتھ ہماری شراکت احساس پروگرام کے ذریعے ایک مثبت تبدیلی لائے گی۔

پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی عظمت عیسیٰ نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام کیلئے اینگرو کا تعاون قابلِ تعریف ہے کیونکہ اس سے دیہی علاقوں میں خواتین کو روزگار کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ اس پروگرام سے سینکڑوں محروم خواتین پہلے ہی فائدہ اٹھا چکی ہیں اور اب یہ مشترکہ منصوبہ ہمیں مزید غریب خواتین تک رسائی دینے کے قابل بنائے گا۔

واضح رہے کہ اینگرو کارپوریشن اور داﺅد ہرکولیس کے چیئرمین حسین داﺅد نے گزشتہ سال کووِڈ-19کے خلاف مختلف محاذوں پر امدادی سرگرمیوں کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے ایک ارب روپے کی امداد کا عہد کیا تھا۔ اس عہد کے تحت بیماری کی روک تھام، جانچ اور تشخیص، اس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حفاطت، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کی فراہم کی جانے سہولیات کو یقینی بنانے اورمعاشرے کے سب مستحق افراد تک ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے جیسے محاذوں پرتندہی سے کام کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here