اسلام آباد: چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت بننے والے رشکئی سپیشل اکنامک زون کے بعد علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں صنعت کاری کا عمل شروع ہو چکا ہے اور اس کیلئے 53 ارب 60 کروڑ روپے سرمایہ کاری کی جائے گی۔
علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سی پیک کا دوسرا ترجیحی خصوصی اقتصادی زون ہے جو پاکستان کے صنعتی مرکز فیصل آباد میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سپیشل اکنامک زون کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سرمایہ کاری کی 15 درخواستوں کی منظوری دی گئی اور مختلف انٹرپرائزز کو 320 ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے:
سی پیک کا متبادل روٹ تعمیر کرنے پر غور
’گوادر میں 40 کمپنیوں کی سرمایہ کاری، 200 مزید تیار‘
32 چینی کمپنیوں کی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری
سویڈش کمپنیوں کو الیکٹرک وہیکلز، موبائل فون مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کی دعوت
سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق جن کمپنیوں کی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کی درخواستیں منظور ہوئیں ان میں چین کی زینگ بینگ ایگری کلچر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہے جو 80 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری زرعی شعبے میں کرے گی۔
پاکستان فرمز میں سے زاہد جی ٹیکسٹائل ملز نے 11 ارب 80 کروڑ، اوشین سرامکس نے 11 ارب 20 کروڑ اور اتحاد میٹلز ساڑھے سات ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اسی طرح وہاڑی سپیشل اکنامک زون کمیٹی نے اپنی پہلی انٹرپرائز کی منظوری دیدی، سوریا اسلم پیپر پرائیویٹ لمیٹڈ اس اکنامک زون میں سرمایہ کاری کرنے والی پہلی کمپنی ہے جو 10 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔
سپیشل اکنامک زون کمیٹی رحیم یار خان نے نسیم ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کو اراضی تفویض کرنے کی منظوری دے دی، یہ کمپنی ساڑھے چار ارب روپے سرمایہ کاری کرے گی۔
اراضی کی الاٹمنٹ کے ساتھ مذکورہ تمام کمپنیاں اور فرمز سپیشل اکنامک زونز کو دی گئی کسٹمز چھوٹ اور ٹیکس استثنیٰ سمیت تمام سہولیات اور مراعات سے فائدہ اٹھانے کی حق دار ہیں۔
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری نے حالیہ پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق سپیشل اکنامک زونز کی آٹومیشن کے ثمرات اب سامنے آ رہے ہیں، ایم آئی ایس موڈیول کی منظوری ہی سرمایہ کاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے دی گئی تھی۔
سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ فرینہ مظہر نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں اپنی پسند کی جگہ کا انتخاب کرکے پیداواری یونٹ لگا سکتے ہیں، بجلی و گیس سمیت ہر سہولت کی فراہمی میں سرمایہ کاری بورڈ کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑے گا اور صنعتی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں اور متعلقہ صوبائی حکومتوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرتا رہے گا۔