اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے تحت جلد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے لیے 9.84 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے۔
خزانہ ڈویژن نے ائیرلائن انتظامیہ کو ایک خط میں فنڈز کے اجراء سے متعلق بتایا کہ مذکورہ رقم نیشنل بینک آف پاکستان شہید ملت روڈ برانچ کراچی میں پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی ہے۔
قومی ائیرلائن نے ادارے کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے موجودہ افرادی قوت میں سے آدھے ملازمین کو قبل از وقت ریٹائر کرنے کی سکیم متعارف کرائی تھی جس کے تحت ساڑھے سات سو ملازمین کو ریٹائر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے لیکن 31 دسمبر 2020ء تک دو ہزار کے لگ بھگ ملازمین نے ریٹائرمنٹ سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے درخواست دے دی۔
ذرائع کے مطابق رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے بعد لازمی ریٹائرمنٹ کی سکیم متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت ملازمین کو غیرتسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔
اس سے قبل 24 جنوری کو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پی آئی اے کی رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے لیے ساڑھے 9 ارب روپے گرانٹ کی منظوری دی تھی جو اب ائیرلائن کے بینک اکائونٹ میں منتقل کر دی گئی ہے۔