پنجاب میں ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو سروس متعارف

ون ونڈو کی سہولت کے تحت کاروبار کرنے والے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز بیک وقت حکومت پنجاب کی بزنس پورٹل اور ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائیں گے

552

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے کاروباروں کو فروغ  دینے اور ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو سروس متعارف کرا دی۔

ون ونڈو کی سہولت کے تحت کاروبار کرنے والے افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز بیک وقت حکومت پنجاب کی بزنس پورٹل اور ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائیں گے۔

ترجمان ایف بی آر نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ اس سہولت کے باعث درخواست گزار کو ایف بی آر کے فیلڈ دفتر یا ویب سائٹ پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ بیک وقت پنجاب بزنس پورٹل اور ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہو جائے گا۔

ترجمان ایف بی آر نے طریقہ کار کے بارے میں بتایا ہے کہ سب سے پہلے درخواست گزار پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے بزنس رجسٹریشن پورٹل پر رجسٹریشن کے لئے درخواست بھیجے گا۔

پورٹل پر رجسٹرڈ ہونے کے بعد سسٹم درخواست گزار کی پروفائل کو ایف بی آر کے ڈیٹا سے چیک کرے گا، اگر درخواست گزار ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہو گا تو سسٹم درخواست گزار کو خودکار طریقہ سے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ کرے گا اور تصدیقی پیغام اور ای میل درخواست گزار کو بھیج دے گا، اگر درخواست گزار پہلے سے ہی رجسٹرڈ ہے تو رجسٹریشن ڈیٹا، بزنس رجسٹریشن پورٹل کے ساتھ شئیر ہو جائے گا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق وزیر اعظم کی پالیسی کے مطابق رجسٹریشن کے اس خودکار طریقہ کار سے ٹیکس گزاروں کی مشکلات کم ہوں گی اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here