ٹوکیو: جاپان میں مالیاتی حیثیت کا جائزہ لینے والے ادارے (تیئکوکو ڈیٹا بینک) کا کہنا ہے کہ فروری 2020ء سے اب تک جاپان میں 1100 کمپنیاں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب دیوالیہ ہو گئی ہیں۔
جاپانی ذارائع ابلاغ کے مطابق ڈیٹا بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب بدھ (3 مارچ) تک گیارہ سو کمپنیاں یا تو دیوالیہ پن کی قانونی کارروائی مکمل کر چکی تھیں یا اس کی تیاری کر رہی تھیں۔
وبا کے باعث مالیاتی مشکلات کا شکار ہو کر سب سے زیادہ شراب خانے اور ریستوران دیوالیہ ہوئے ہیں جن کی تعداد دیوالیہ ہونے والی کمپنیوں کی فہرست میں 172 بتائی گئی ہے۔
اسی طرح ملک بھر میں 92 تعمیراتی کمپنیاں اور 79 بڑے اور چھوٹے ہوٹل اور سرائے فہرست میں شامل ہیں جن کی انتظامیہ نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے باعث پابندیوں سے سب سے زیادہ نقصان دارالحکومت ٹوکیو میں کام کرنے والی کمپنیوں کو پہنچا اور شہر میں 264 کمپنیوں نے خود کو دیوالیہ ظاہر کیا ہے۔
ملک کے اقتصادی لحاظ سے اہم ترین اوساکا صوبے میں 108 اور کاناگاوا صوبے سے 64 کمپنیوں نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
تحقیقی ادارے نے نشاندہی کی ہے کہ وہ شہری علاقے جو مرکزی حکومت کے ہنگامی حالت کے نفاذ کے تحت ہیں وہاں شراب خانوں اور ریستورانوں کے دیوالیہ پن میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔
ڈیٹا بینک کا کہنا ہے کہ اگر ٹوکیو اور اس کے تین ہمسایہ صوبوں میں ہنگامی حالت میں توسیع کی گئی تو صارفین کی خرچ کرنے کی صلاحیت میں طویل مدت کے لیے کمی ہو جائے گی جس کے نتیجے میں مزید کمپنیاں دیوالیہ ہو سکتی ہیں۔