اینگرو فرٹیلائزرز نے ڈوپونٹ گلوبل سیفٹی انوویشن ایوارڈ جیت لیا

570

کراچی: 14ویں ڈوپونٹ سیفٹی اینڈ سسٹینبیلٹی ایوارڈز میں اینگرو فرٹیلائزرز سمیت تین کمپنیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔

اینگرو فرٹیلائزرز کو صحت، تحفظ اور ماحولیات سے متعلق مقررہ معیارات پر پورا اترنے کیلئے اپنے آپریشنز میں انتظامی تبدیلیوں اور جدّت پر گلوبل سیفٹی انوویشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن اقدامات میں سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے کمپنی نے اپنے حفاظتی نظام کو مکمل طور پر تبدیل کیا ہے۔

اینگرو نے اپنے فلسفے کے مطابق عالمی معیار کا صحت، تحفظ، اور ماحولیاتی معیارات اپنائے ہیں اور شاندار حکمتِ عملی کے تحت حفاظتی اقدامات کئے جس کی وجہ سے قابلِ ریکارڈ حادثات کی شرح میں 87 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں آپریشنل خرابی کے واقعات میں کمی، رسک مینجمنٹ میں نمایاں بہتری اور ملازمین اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت میں اضافہ ہوا۔

اینگرو فرٹیلائزرز نے یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ ریجن کی فاتح سعودی کمپنی آرامکو اور برازیلین کمپنی یوسینا کوریپ کے مقابلے میں ایوارڈ حاصل کیا ہے، دبئی میونسپلٹی اور ایس ایم آر ٹی ٹرینز لمیٹڈ سنگاپور نے بھی ڈوپونٹ گلوبل ایوارڈ جیتے ہیں۔

اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نادر سالار قریشی کے مطابق صحت اور تحفظ کمپنی کی بنیادی اقدار کا حصہ ہیں اور کمپنی نے ہمیشہ ملازمین اور مقامی کمیونٹیز کیلئے اپنے پلانٹس اور قریبی علاقوں میں عالمی معیار کا صحت، تحفظ اور ماحولیات کا معیار برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کے چیئرمین اور بورڈ سیفٹی کی اہمیت سے متعلق اپنے عزم کا مستقل اعادہ کرتے ہیں اور ہماری ٹیمیں ان کے اس عزم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔ عالمی سطح پر ملنے والی اس پذیرائی پر ہمیں خوشی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ 18 ماہ قبل قائم کئے گئے نئے لاجسٹک کاروبار میں عالمی معیار اپنایا جائے۔

اینگرو فرٹیلائزرز کے سینئر نائب صدر مینوفیکچرنگ سیّد نبی شہزاد نے کہا کہ ہم ٹیم کی ترقی کیلئے بنیادی کام، سیفٹی نظام اور تخلیقی صلاحیت کو بڑھانے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ ہمارا ٹرانزیشنل ٹریننگ ماڈل تکنیکی تربیت کے ساتھ ساتھ سیفٹی سے وابستہ خطرات سے آگاہی فراہم کرتا ہے۔

ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور صحت، سیفٹی اور انوائرمنٹ اسٹینڈڈرز پر عمل پیرا ہونے پر 2020ء میں اینگرو فرٹیلائزرز نے متعدد ملکی و بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کئے جن میں برٹش سیفٹی کونسل کی طرف سے کنٹری بیسٹ ایوارڈ، رائل سوسائٹی فار پریونشن ایکسیڈنٹس کی طرف سے ہیلتھ اینڈ سیفٹی سلور ایوارڈ، ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے گرین آفس ایوارڈ، این ایف ای ایچ کی جانب سے سالانہ فائر سیفٹی ایکسلنس ایوارڈ اور او ایس ایچ ایوارڈز میں مجموعی طورپر پلاٹینم ایوارڈ شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here